139

متاثرہ پلاٹوں کاموقع پرجاکرمعائنہ کیااور پلاٹوں کی الاٹمنٹ ،سائز، تجاوزات، مفاد عامہ سمیت تمام پہلوؤں کاجائزہ لیا

میرپور(پی آئی ڈی)معززعدالت سپریم کورٹ آزادکشمیرکے فیصلہ پرعملدرآمد کے سلسلہ میں اعلیٰ سطحی کمیشن کی سفارشات کی بابت حکومت آزادکشمیرکی طر ف سے بنائی گئی کمیٹی کے چیئرمین وسینئرممبربورڈ آف ریونیو فیاض علی عباسی نے کمیٹی کے ممبران کمشنرمیرپورڈویژن چوہدری محمدطیب، ڈائریکٹرجنرل ادارہ ترقیات چوہدری اعجازرضا، ایڈمنسٹریٹربلدیہ طاہرمحمود مرزااور ڈپٹی کمشنرسردارعدنان خورشیدخان نے سماعت کے لیے جمع شدہ درخواست ہا پرسیکٹرB-1 ،B-2 ،B-3 ،B-5 کے متاثرہ پلاٹوں کاموقع پرجاکرمعائنہ کیااور پلاٹوں کی الاٹمنٹ ،سائز، تجاوزات، مفاد عامہ سمیت تمام پہلوؤں کاجائزہ لیا۔ اس موقع پرکمیٹی کے چیئرمین وممبران کے علاوہ ادارہ ترقیات کے ٹاؤن پلانرسلیمان بشیر، بلدیہ کے ٹاؤن پلانرفیض الحسن، ایکسین بلدیہ خالد بٹ، ایس ای تعمیرات عامہ مسعود عزیزقادری، ڈائریکٹر ایم ڈی ایچ اے انجینئر انعام الحق کے علاوہ میونسپل کارپوریشن، ادارہ ترقیات اور محکمہ مال کا جملہ ٹیکنیکل سٹاف بھی موجود تھا۔ کمیٹی نے چاروں سیکٹروں میں موجود متاثرہ پلاٹوں کاموقع پرجاکرمعائنہ کیااور متعلقہ پلاٹوں کے مالکان کی موجودگی میں پلاٹ کی پیمائش ،تجاوزات، مفاد عامہ کی جگہوں ، نالوں سمیت تمام متعلقہ امورکاقانونی طریقے سے جائزہ لیا۔بلدیہ کے پلاٹوں کے متعلقہ معاملات کے سلسلہ میں درخواستوں کے جمع ہونے اورمتاثرہ افراد کو سماعت کرنے سمیت کمیٹی نے متاثرہ پلاٹوں کاموقع پرجاکرخود جائزہ لینے کاکام شروع کررکھا۔ اس موقع پرکمیٹی کے چیئرمین وسینئرممبربورڈ آف ریونیو فیاض علی عباسی نے کہاکہ معززعدالت عظمیٰ کے فیصلہ جات کی روشنی میں کمیٹی تمام پہلوؤں کوسامنے رکھ کرسماعت کررہی ہے ۔ اس سلسلہ میں تمام قانون وقاعدے اور ضابطے پورے کیے جارہے ہیں۔بلدیہ میرپورکے پلاٹوں کامعاملہ نہایت ہی اہم اورحساس نوعیت کاہے۔کمیٹی نے روزانہ کی بنیاد پر منسوخ شدہ پلاٹوں کے الاٹیوں اور عوام کی شکایات پر سماعت اور موقع پر جاکر جائزہ لی رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں